امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکی کاروباری افراد اور مختلف پیشوں سے وابستہ شخصیات نے امریکہ میں کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھولیا ہے اور ان کی ساکھ پورے امریکہ، براعظموں اور پاکستان تک جا چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار مسعود خان نے ڈی ایم وی ایریا (واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ) کے پاکستانی نژاد امریکیوں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
معروف کاروباری شخصیات اور ماہرین کو مخاطب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ آپ مختلف کرداروں میں پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی میں بالواسطہ اور بلا و اسطہ کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آپ پاکستان کی معاشی ترقی میں براہ راست کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی آپ سب میں ایک مشترکہ عنصر ہے جو ہمارے لئے یہاں امریکہ میں اور پاکستان میں باعثِ فخر ہے۔
پاکستان کے سفیر نے ہیلتھ کئیر کے شعبے میں معروف کمپنی کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعود اور آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ (اوپن) گلوبل کی صدرعنبرین مرزا کی کامیابیوں کو بھی سراہا ۔
Pakistani-American entrepreneurs and professionals have scaled new heights of successes in US: @Masood__Khan @PakinUSA https://t.co/2PDekzWPy1 pic.twitter.com/V9F3K55a4l
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) December 3, 2023
اس موقع پر ڈاکٹر سہیل مسعود نے اپنی ذاتی کہانی بیان کی جو کہ انتہائی متاثر کن تھی ۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ کیسے انہوں نے محنت اور جذبے کے ساتھ کامیابی کی نئی سرحدیں عبور کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی کعبہ فیوژن جو کہ ایک ارب ڈالر کی مالیت کی کمپنی بن چکی ہے ایک اور کمپنی حاصل کرنے کے مراحل میں ہے جس سے اسکی کل مالیت چار ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے حاضرین کو یہ بھی بتایا کہ میساچوسٹس میں سفیر پاکستان سے ان کی آخری ملاقات کے بعد انہوں نے پاکستان میں 70 افراد کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھے گی۔
آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکہ (اوپن) گلوبل کی صدر عنبرین مرزا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچیس برس قبل بوسٹن کے ایک چھوٹے سے کاروباری طبقے نے تنظیم کا سنگ بنیاد رکھا جس کا نیٹ ورک آج پانچ براعظموں اور ایک لاکھ افراد تک پہنچ گیا ہے اور اس کے آٹھ ممالک میں باب قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوپن میں کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد شامل ہیں جو صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اہم شعبوں میں مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔
عنبرین مرزا نے کہا کہ اوپن کی کامیابیوں کی بدولت نہ صرف اسے حکومت پاکستان کی توجہ حاصل ہوئی ہے بلکہ یہ غیر ملکیوں کے سامنے بھی ایک برانڈ بن کر ابھری ہے۔ زینہ بنک والا، چیئر اوپن واشنگٹن ڈی سی چیپٹر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباریوں، پیشہ ور افراد کو دعوت دی کہ وہ اوپن کی برادری کا حصہ بن کر تنظیم سے مستفید ہوں۔اس موقع پر سفیر پاکستان نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے مادر وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالتے رہیں۔