عالمی یومِ یادِ شہدائے دہشت گردی، صدر اور وزیراعظم کا متاثرین کو خراجِ عقیدت

18

دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد اور زندہ بچ جانے والوں کو خراجِ تحسین اور معاونت فراہم کرنا، جبکہ ان کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے مکمل تحفظ اور فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

اس موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے نتیجے میں جانوں سے ہاتھ دھونے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے اثرات کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ کھڑی ہو۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے عالمی، قومی، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو ذمہ داری کے ساتھ بروئے کار لا کر متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے معلومات، معاونت اور بحالی کی خدمات تک رسائی مزید آسان بنائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی معاونت محض خیرات نہیں بلکہ انصاف، انسانی وقار اور قومی ذمہ داری کا معاملہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی جسمانی، نفسیاتی اور سماجی بحالی بھی مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہداء، ان کے خاندانوں اور دہشت گردی کے متاثرین کے لیے جامع معاونتی نظام موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں