الیکشن میں کامیابی کیلئے حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں،رانا ثناء

الیکشن میں کامیابی کیلئے حکمت عملی کے تحت چل رہے ہیں،رانا ثناء

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کیلئے حکمت عملی کے تحت آگے چل رہے ہیں۔صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن میں کامیاب ہونے کیلئے ممکن اور ضرورت کو مدنظر رکھا جاتا ہے، الیکشن میں کامیابی کیلئے ایڈجسٹمنٹ اور حمایت کیلئے کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی میں جے ڈی اے اور ایم کیو ایم کے ساتھ بات ہو رہی ہے، امید ہے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے بہتر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہو گی، خیبر پختونخوا میں جے یو آئی اور دوسروں سے بات فائنل سٹیج پر نہیں، سمجھتے ہیں خیبر پختونخوا میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضروری ہو گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت تو نہیں، اگر کہیں ضرورت ہوئی تو اس پر سوچا جاسکتا ہے، مسلم لیگ ق بھی اس بات کی خواہشمند ہے، ہمارا بھی ادارہ ہے اگر انہیں کسی سیٹ پر ایڈجسٹ کرنے میں آسانی ہو تو ہم کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کی بنیاد پر کہا جارہا ہے کہ وہ تاحیات نااہل ہیں، نواز شریف کے فیصلے پر قانون اس وقت موجود ہے، قانون کی روح سے آئین کی تشریح یا وضاحت کردی گئی ہے جہاں مدت کا تعین نہیں وہاں نا اہلی زیادہ سے زیادہ 5 سال ہو گی، پانچ سال کا عرصہ گزر گیا ہے۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے قانون پاس کر لیا ہے، نواز شریف کی نااہلی ختم ہوچکی ہے، اس قانون کو پارلیمنٹ سے پاس ہوئے 5 ماہ ہو گئے ہیں، کسی نے چیلنج نہیں کیا، نوازشریف کی نااہلی ختم ہوچکی ہے، ابھی ان کی کچھ اپیلیں زیر سماعت ہیں، وہ کیسز ایسے ہیں کہ نواز شریف کے باعزت بری ہونے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --