مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے لئے اقتدار نہیں بلکہ خوش حال پاکستان چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کوئٹہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغض ، حسد ، گندی زبان اور نفرت نے معاشرے کو گندا کیا، باتیں کرنے والے بہت آئے، عملی طورپر کچھ نہیں کیا ، ن لیگ نے گوادر، کوئٹہ، ژوب سمیت سب علاقوں کے بارے میں سوچا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان میں سڑکوں کا جال بجھایا اور ڈیمز بنائے، کچی کنال کے لیے ہم نے پچاس ارب روپے دیے، کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والا راستے کا منصوبہ 2018 میں مکمل ہونا تھا جو اب تک نہیں ہوا، بلوچستان کے طلباء کو بھی ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں پڑھنے کا حق ہے، ان لوگوں میں اور ہم میں کچھ تو فرق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بچوں، دوستوں اور رشتہ داروں کو بتائیں کس نے بلوچستان کی خدمت کی، جب میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم بنا تھا تب سے گوادر کا نام لے رہا ہوں، ہم چاہتے ہیں عوام جو بجلی کے بلوں سے آزاد کریں، ہم ایسی سکیم لائیں گئے جس سے عوام کو سولر پینل دیں سکیں، ہماری کوشش ہوگی ملک بھر میں شمسی توانائی سے بجلی حاصل کریںعوام کو بجلی کے مہنگے بلوں سے آزاد کرنا چاہتے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ کہاں گئی وہ تبدیلی؟ عوام کو پوچھنا چاہیے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ وعدہ ہے پنجاب کی طرح بلوچستان پر بھی توجہ دیں گے، نوجوان نسل میں بڑا جنون ہے ، تین چار سال میں بلوچستان کی حالت بدل جائے گی ، اچھی تعلیم بلوچستان کے بچوں کا حق ہے، اس تک ان کی رسائی ہونی چاہیے، برابر حق دیا جائے تو ان کا مستقبل سنور جائے گا۔ قبل ازیں قائد ن لیگ کی زیر صدارت اجلاس میں شہبازشریف مریم نواز اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ، اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے بلوچستان میں تیاریوں پر مشاورت کی گئی جبکہ صوبے میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے حوالے سے بھی غورکیا گیا ۔