پاکستانی سینما گھروں میں اینی میٹڈ فلم ‘عینک والا جن’ ریلیز

4

پاکستان کے مقبول بچوں کے ڈرامے “عینک والا جن” پر مبنی اینی میٹڈ فلم ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ اردو زبان میں تیار کی گئی یہ فلم ملک کی بڑی سینما چینز میں ریلیز کی گئی ہے۔

تقریباً 85 منٹ پر مشتمل اس فلم کا مقصد نئی نسل کو “عینک والا جن” کی جادوئی دنیا سے روشناس کرانا ہے، جبکہ یہ فلم اس مشہور ٹی وی پروگرام سے وابستہ ناظرین کی پرانی یادوں کو بھی تازہ کرتی ہے۔

فلم کی کہانی ایک ایسے کم عمر لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو ایک سخت نظم و ضبط والے گھرانے میں پرورش پاتا ہے، جہاں قواعد و ضوابط اور ذمہ داریاں اس کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ ہوتی ہیں۔ کہانی میں مہم جوئی، تفریح اور سبق آموز عناصر کو یکجا کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ “عینک والا جن” پہلی بار فروری 1993 میں پی ٹی وی لاہور سے نشر کیا گیا تھا اور بعد ازاں پاکستان کے مقبول ترین بچوں کے ٹی وی پروگراموں میں شمار ہونے لگا۔ نئی اینی میٹڈ فلم اسی کلاسک سیریز کو جدید انداز میں پردۂ سیمیں پر پیش کرنے کی کوشش ہے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں