اٹلی کے لامپیڈوسا جزیرے کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 41 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے حکام کا کہنا ہے کہ کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 4 افراد کو بچا لیا گیا۔
حکام کے مطابق بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی پر تین بچوں سمیت 45 افراد سوار تھے، کشتی تیونس سے اٹلی جا رہی تھی کہ لامپیڈوسا جزیرے کے قریب ڈوب گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ زندہ بچائے گئے تارکین سے معلوم ہوا کہ کشتی جمعرات کی صبح تیونس سے روانہ ہوئی تھی تاہم کچھ گھنٹوں بعد ایک بڑی لہر کی زد میں آکر ڈوب گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کشتی پر سوار مسافروں میں سے صرف ان کے پاس لائف جیکٹس موجود تھیں اور وہ ریسکیو کیے جانے تک ان لائف جیکٹس کے سہارے زندہ بچے رہے۔
واضح رہے کہ یونان کے ساحلی علاقے میں 14 جون کو کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا، کشتی پر پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 750 تارکین وطن سوار تھے۔
کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 104 کو بچا لیا گیا تھا جن میں سے 12 کا تعلق پاکستان سے ہے، جبکہ کشتی پر سوار پاکستانیوں کی تعداد 3 سو سے زائد تھی۔