حکام اور عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین پر فضائی حملے کیے ہیں، ہیلی کاپٹروں سے میزائل گرائے ہیں اور کم از کم دو فلسطینیوں کو شہید اور 10 کو زخمی کر دیا ہے۔
رہائشیوں نے بتایا کہ کم از کم چار اسرائیلی فضائی حملے پیر کی صبح جینن میں عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے ملبے سے دھواں اُٹھ رہے تھے، اور اطلاع ملی کہ اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے ایک قافلے کو شہر کے وسیع پناہ گزین کیمپ کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔
جنین میں فلسطینی ہلال احمر کے ڈائریکٹر محمود السعدی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ "فضا سے بمباری اور زمین سے حملہ ہو رہا ہے۔”
"کئی مکانات اور مقامات پر بمباری کی گئی ہے۔ ہر طرف سے دھواں اٹھ رہا ہے۔”
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ چھاپوں میں کم از کم دو افراد شہید اور 10 زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایک "مشترکہ آپریشن سینٹر” کو نشانہ بنایا، جو مختلف فلسطینی مسلح گروپوں کے جنگجوؤں پر مشتمل جنین بریگیڈز کے کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔