دہشتگردوں سے فائرنگ تبادلہ، دو جوان شہید

دہشتگردوں سے فائرنگ تبادلہ، دو جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوئے جبکہ دو دہشت گردی بھی مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضلع بنوں کے شہری علاقے جانی خیل میں اہلکاروں کا دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ فوجی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کیا اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 40 سالہ نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے41 سالہ حوالدار محمد انور نے جام شہادت نوش کیا۔کارروائی کے حوالے سے کہا گیا کہ علاقے میں کسی دہشت گردی کی موجودگی کی صورت میں ان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 31 مئی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --