وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عمران خان اور اس کی پارٹی نے وہ رویہ اختیار کیا جس سے ملک، جمہوریت اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا،جتھوں کی سیاست، غیر سیاسی اور غیراخلاقی رویوں سے نہ صرف معاشرہ تنزلی کا شکار ہوتا ہے بلکہ جمہوریت اور جمہوری نظام کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دی اور معیشت کی بحالی کیلئے سیاسی نقصان اُٹھانے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کسی بھی گروہ یا جتھے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے ہی ملک کی حساس عسکری تنصیبات پر دشمن کی طرح حملہ آور ہو اور شہیدوں کی بے حرمتی کرے۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے دشمنی کرنے والوں کے راستے میں نہ پھول بچھائے جا سکتے ہیں اور نہ انہیں مسکراہٹوں کے ساتھ خوش آمدید کہا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی کو بغاوت اور سازش پر 18سال قید کی سزا دی گئی اور عدالت نے جتھوں کے حملوں کو جمہوری دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو امریکہ کے برعکس یہاں منظم دہشت گردی اور سازش کی گئی اور ملکی سالمیت کو شدید خطرات سے دوچار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی تاریخ مار دھاڑ، جلاؤ گھیراو اور توڑ پھوڑ سے بھری پڑی ہے اور 9 مئی اُس کی پرتشدد سیاست کا نقطہ انتہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کریڈٹ پر سازش، تشدد، ہٹ دھرمی اور توڑ پھوڑ کے سوا کچھ بھی نہیں اور 9مئی کے واقعات کے بعد ہم تشدد پسند سیاسی رویوں کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے اور ایسے رویوں کے تدارک کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے نزدیک ملکی سالمیت اور عوامی مفاد سب سے مقدم ہے اور ملکی سالمیت اور عوامی مفاد کی حفاظت کیلئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔