وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ نے گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں نمایاں ترقی کی ہے، یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ یقین ہے ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن و استحکام کےلیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں آپ کی ذاتی وابستگی باعث اطمینان ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک کوآپریٹو کونسل کے 7ویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں شرکت کےلیے آپ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا دورہ دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہو گا۔
اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا۔صدر اردوان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔