وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کو ان کے والد احمد فراز کے شعر میں جواب دیا ہے۔شبلی فراز نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں پی ڈی ایم کے نام سے اپنے والد احمد فراز کا ایک مشہور شعر پوسٹ کیا۔
میں آج زد پہ اگر ہوں تو خوش گماں نہ ہو
چراغ سب کے بجھیں گے ہواکسی کی نہیں
جواب میں وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے فیس بک پر انہیں جواب دیتے ہوئے احمد فراز کی شاعری کی ویڈیو جاری کردی اور مشورہ دیا کہ شبلی فراز اپنے والد احمد فراز کا یہ شعر دن میں 3 بار سنیں، شفا ہو جائےگی۔
کس طرف کو چلتی ہے اب ہوا نہیں معلوم
ہاتھ اُٹھا لیے سب نے اور دعا نہیں معلوم
موسموں کے چہروں سے زردیاں نہیں جاتیں
پھول کیوں نہیں لگتے خوشنما نہیں معلوم
رہبروں کے تیور بھی رہزنوں سے لگتے ہیں
کب کہاں پہ لُٹ جائے قافلہ نہیں معلوم
سرو تو گئی رت میں قامتیں گنوا بیٹھے
قمریا ں ہوئیں کیسے بے صدا نہیں معلوم
آج سب کو دعوی ہے اپنی اپنی چاہت کا
کون کس سے ہوتا ہے کل جدا نہیں معلوم
منزلوں کی تبدیلی بس نظر میں رہتی ہے
ہم بھی ہوتے جاتے ہیں کیا سے کیا، نہیں معلوم
ہم فراز شعروں سے دل کے زخم بھرتے ہیں
کیا کریں مسیحا کو جب دوا نہیں معلوم