وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں، جبکہ خواتین کو خودمختار بنانے اور قومی دھارے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹ چکے ہیں اور امن کے قیام کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے ان دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کی ان کوششوں میں بھرپور تعاون کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومتِ پاکستان، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور پوری حکومتی ٹیم خلوص اور سنجیدگی کے ساتھ امن کے لیے سرگرم رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب صرف پائیدار علاقائی اور عالمی امن کے ذریعے ہی پورا کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی مہنگائی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کو خطے کے بعض دیگر ممالک کی طرح نہ تو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑا اور نہ ہی ایندھن کے حصول کے لیے طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر حکومتی منصوبہ بندی کے باعث عوام کو غیر ضروری مشکلات سے محفوظ رکھا گیا، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط طبقے اور کم آمدن والے افراد کو تاریخی ریلیف پیکج فراہم کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بحران کے دوران قربانی کا جذبہ کابینہ اور حکومتی اداروں سے شروع ہوا، کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ عوام قربانیاں دیں اور اشرافیہ مراعات سے لطف اندوز ہوتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 128 ارب روپے کی سبسڈی اور وسیع پیمانے پر کفایت شعاری مہم کے ذریعے عوامی مشکلات کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
شہباز شریف نے مشکل حالات میں قومی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کے تعاون نے معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جو صنعتی ترقی کو تیز کرنے اور برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں قومی ترجیحات کو مدنظر رکھا گیا ہے، جن میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، آئی ٹی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں کا فروغ شامل ہے تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ خطے میں مکمل امن اور معمولات کی بحالی کے بعد مثبت معاشی نتائج کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔
اس موقع پر خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بجٹ میں خواتین کو بااختیار بنانے، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
خواتین ارکانِ پارلیمنٹ نے اپنے اپنے حلقوں میں جاری عوامی فلاحی منصوبوں اور بجٹ سے متعلق مختلف تجاویز بھی وزیراعظم کو پیش کیں۔









