خزانے و محصولات کے وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا اعلان پاکستان کیلئے باعث فخر اور عالمی معیشت کیلئے ایک عظیم لمحہ ہے۔وزیرِ خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کی لسٹنگ کے موقع پر ”گونگ تقریب”سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر اعتماد اور بھروسے کا اعتراف جاری ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے رواں ہفتے کے آخر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت اور وسیع تر علاقائی استحکام کے لیے حوصلہ افزا اثرات کی حامل ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی سرمائے کی منڈی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ اور بورڈ کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔انہوں نے مارکیٹ میں خصوصاً نوجوان سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔









