پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، وزیراعظم

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ حالات میں الیکشن ممکن نہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا سپریم کورٹ میں جاری مقدمات اور سیاسی صورتحال پر مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قانونی ماہرین وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان، منصور اعوان، عطا اللہ تارڑ کے علاوہ ایاز صادق اور احد چیمہ نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ میں کل کی سماعت بارے آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے کیس کی سماعت پر بریفنگ دی، اس کے علاوہ فل بینچ کی استدعا مسترد ہونے پر ریویو میں جانے پر بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ حالات میں الیکشن ممکن نہیں، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے دن رات کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے، ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں، اجلاس میں شامل دیگر رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا، وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والا اجلاس کل دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت ہو گی، وزیر اعظم اراکین کو سیاسی حکمت عملی پر بریفنگ دیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --