اٹلی کی حکمران جماعت کی جانب سے پیش کیے گئے نئے قانون کے تحت انگریزی کے الفاظ استعمال کرنے کو قابل سزا قرار دینے کی تجویز دے دی۔اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی حمایت سے ان کے بھائی کی جانب سے پارلیمنٹ میں نیا قانون پیش کیا گیا ہے۔
مجوزہ قانون کے تحت اٹلی کی سرکاری کمیونیکیشن میں انگریزی یا دیگر غیر ملکی زبانوں کے الفاظ استعمال کرنے پر 1 لاکھ یورو تک جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قانونی مسودے میں تمام غیر ملکی زبانوں کے الفاظ کے استعمال کو روکنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم خصوصی طور پر ’انگلومینیا‘ یا انگریزی زبان کے الفاظ کے استعمال کو اطالوی زبان کیلئے ’Demeans and mortifies‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ تو اور بھی بدتر ہے کیونکہ برطانیہ اب یورپی یونین کا بھی حصہ نہیں ہے۔
پارلیمنٹ میں بحث کیلئے پیش کیے گئے بل میں تجویز دی گئی ہے کہ سرکاری نوکریوں اور پبلک ایڈمنسٹریشن کیلئے کسی بھی شخص کیلئے ’اطالوی زبان پر تحریری اور زبانی عبور‘ کو لازمی قرار دیا جائے۔
بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ اٹلی میں کام کرنے والی کمپنیوں کو بھی سرکاری ڈاکومینٹیشن میں انگریزی زبان کے الفاظ استعمال نہ کرنے کیلئے پابند بنایا جائے۔