نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے آج ٹرانس جینڈرز کا عالمی دن ٹرانس جینڈرز کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص دن کے طور پر منایا۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے اس موقع پر ایک خصوصی ہیلپ لائن کا افتتاح کیا جس پر کال کا جواب بھی نادرا کا ٹرانس جنڈر عملہ دے گا جبکہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور ان کی رجسٹریشن بڑھانے کے لئے کئی دیگر سہولیات بھی متعارف کرا دیں۔ ریجنل ہیڈ آفسز نے ملک بھر میں نادرا عملے کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لئے آگاہی سیشنز منعقد کئے تاکہ نادرا کا عملہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کو شناختی دستاویزات کے حصول کے سلسلے میں بہتر طریقے سے معلومات اور معاونت فراہم کر سکے۔
چیئرمین نادرا نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی ہیلپ لائن کی سب سے منفرد خوبی یہ ہے کہ نادرا کا ٹرانس جینڈر عملہ کال کا جواب دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹرانس جینڈرز کو ایسا سازگار اور معاون ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات بنوا کر مختلف خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
طارق ملک کہا کہ ہم ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ہیں اور انہیں وہ تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بننے میں مدد دے سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مخصوص ہیلپ لائن انہیں معاشرے میں ان کا درست مقام دلانے کی کوششوں میں معاون ثابت ہو گی اور اس کے ذریعے معلومات حاصل کر کے وہ شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں اور دیگر افراد کی طرح حکومتی سکیموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ٹرانس جینڈرز کا عالمی دن ہر سال دنیا بھر میں 31 مارچ کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد ٹرانس جینڈرز کی جدوجہد اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور ان کے حقوق کو فروغ دینا ہے۔
نادرا کی جانب سے 31 مارچ کو ٹرانس جنڈرز کی رجسٹریشن کے لئے مخصوص دن قرار دیا گیا ۔ اس موقع پر نادرا کے ریجنل ہیڈ آفسز نے مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر ٹرانس جینڈرز میں آگاہی پیدا کرنے اور انہیں شناختی کارڈ بنوانے کے لئے قریبی نادرا رجسٹریشن سنٹر اور موبائل رجسٹریشن وین تک لانے کے لئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔ تمام ریجنز میں آگاہی سیشنز منعقد کرنے کا سلسلہ پورا سال جاری رہے گا۔
نادرا نے ہیلپ لائن کے علاوہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے کئی دیگر اقدامات بھی کئے ہیں جن میں پہلی بار مفت شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت، نادرا میں ٹرانس جینڈرز کو ملازمتوں کی فراہمی، اور “گرو” کے نام پر ٹرانس جینڈرز کی رجسٹریشن خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ چیئرمین نادرا طارق ملک کی سرپرستی میں 2021 سے “ٹرانس جینڈرز کے حقوق انسانی حقوق ہیں” کے مرکزی پیغام کے ساتھ ملک گیر آگاہی/ رجسٹریشن مہم چلائی جا رہی ہے جبکہ نادرا عملے کے ارکان کی تربیت اور آگاہی کے لئے اب تک 39 سیشنز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ نادرا نے پاکستان بھر میں اپنے مراکز پر ٹرانس جینڈرز کی سہولت کے لئے فوکل پرسن بھی نامزد کئے ہیں۔
نادرا اپنی خدمات کی فراہمی میں معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور پائیدار ترقی کے عالمی مقصد ایس ڈی جی نمبر 5 (صنفی برابری)، ایس ڈی جی نمبر 10.2 (ہر فرد کو سماجی، معاشی اور سیاسی شمولیت کے لئے بااختیار بنانا اور اسے فروغ دینا) اور ایس ڈی جی نمبر 16.9 (ہر فرد کے لئے قانونی شناخت) کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہا ہے۔ ٹرانس جینڈرز کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد ٹرانس جینڈرز کی رجسٹریشن میں اضافہ کرنا اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے قانونی شناخت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔