شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، بلاول بھٹو

شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں کوئلے سے چلنے والے 1650 میگاواٹ بجلی کے 2 منصوبوں کی افتتاحی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، ہمارا نعرہ ’تھر بدلے گا پاکستان‘ حقیقت میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے وزیر اعظم تھر میں موجود ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کر رہی ہے، تھر کول بورڈ کے سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ اور نائب سربراہ وفاقی وزیر ہیں، پچھلے 4 برس سے تھرکول پر محنت کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کر رہی ہے تو واضح فرق محسوس ہو رہا ہے، تھر کول سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، چند برسوں میں تھرپارکر کی شکل تبدیل ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار میں بہتری آئی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، پاور جنریشن میں کام کرنے والے مختلف علاقوں سے آئے ہیں، تھرکول کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ تھرپارکر آکر کام کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں تھرپارکر سے لوگ دوسری جگہ کام کرنے جاتے تھے لیکن لوگ اب تھرپارکر آکر کام کر رہے ہیں، لوگ تنقید کرتے ہیں لیکن تنقید کا جواب یہ تھرکول منصوبہ ہے، مل کر کام کرنے سے میرا یا آپ کا نہیں ملک کا نام ہوتا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --