پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پابندی کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تقریر نشر کرنے پر اے آر وائی نیوز کا لائسنس معطل کردیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز (5 مارچ) کو پیمرا نے عمران خان کی ریکارڈڈ اور لائیو تقاریر یا میڈیا ٹاک نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔رات گئے جاری کردہ اعلامیے میں پیمرا کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز نے 5 مارچ کو رات 9 بجے کے خبرنامے میں عمران خان کی آج زمان پارک میں کی گئی تقریر نشر کی تھی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اے آر وائی نے پابندی کے حکم کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کرتے ہوئے مذکورہ مواد نشر کیا۔
پیمرا کا کہنا تھا کہ یہ بات بھی واضح ہے کہ اے آر وائی کے سینیئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ نے رات 8 بج کر 26 منٹ پر ایک ٹوئٹ میں عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا حکم نامہ شیئر کیا تھا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ’یہ معاملہ مدِ نظر رکھتے ہوئے مجاز اتھارٹی یعنی پیمرا کے چیئرمین، پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 30 (3) میں پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 میں ترمیم شدہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایم/ایس اے آر وائی کمیونکیشن لمیٹڈ کو دیے گئے نشریاتی سیٹلائٹ ٹی وی چینل کے لائسنس کو آئندہ احکامات تک معطل کرتے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ برس اگست میں پیمرا نے اے آر وائی نیوز کا آپریٹنگ لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔وزارت داخلہ کی جانب سے چینل کی سیکیورٹی کلیئرنس واپس لے لی گئی تھی، جس سے ٹی وی کی مستقل بندش کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔