وزیرِ مملکت اور ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے ڈائنامک سروے کا افتتاح کیا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈائنامک سروے کے لیے کشمیر، جی بی سمیت ملک بھر میں دفاتر موجود ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی میں 8.9 ملین افراد رجسٹرڈ ہیں، مستحقین کو ماہانہ 7 ہزار روپے دیے جاتے ہیں اور اب اس پروگرام میں ٹرانس جینڈرز کو بھی شامل کر رہے ہیں، یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی بی آئی ایس پی کے تحت سبسڈی دی جا رہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست چیئرمین نیب کی تعیناتی پر واویلہ کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر اور وزیرِ اعظم کی مشاورت سے چیئرمین نیب کی تعیناتی ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ایسے مسیج دے رہے کہ جیسے وہ اسمبلی میں آ گئے ہیں، جب ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری ہوا تو پی ٹی آئی عدالتوں میں چلی گئی، ہم نہیں پی ٹی آئی الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نئے آرمی چیف سے ملنا اور پرانے کا کورٹ مارشل کروانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملزم کے لیے عدالت پانچ پانچ دن انتظار نہ کرے، مطالبہ ہے کہ شہید بھٹو، بینظیر بھٹو کا کیس سن کر تاریخ کو درست کیا جائے۔
اُنہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سابق چیف جسٹس نے ڈیم فنڈز کے نام پر بہت کچھ کیا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بھی ڈیم فنڈز کا نہیں بتایا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا ہے کہ وقت پر انتخابات چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے، انتخابات کی تاریخ صدر نہیں الیکشن کمیشن دے گا، ہم الیکشن کمیشن کی تاریخ کو مانیں گے، صدر کی تاریخ کو نہیں، صدر کی کوشش ہے کہ وہ عمران خان کو وزیرِ اعظم کی کرسی پر بٹھا دیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی اتحادی ہونے کے ناتے ہر حکومتی فیصلے کو تسلیم کرتی ہے، بدقسمتی سے عدالتیں سیاست زدہ ہو چکی ہیں اور پی ٹی آئی نے سیاست کو تعفن زدہ کر دیا ہے۔