بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان کے اندر گیس کے دھماکے میں کم از کم 6 کان کن جاں بحق ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ کان کن تقریباً 1500 فٹ کی گہرائی میں کھدائی کر رہے تھے، کان کے اندر میتھین گیس جمع ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔
دھماکے کی شدت کی وجہ سے کان کا ایک حصہ منہدم ہونے سے مزدور اندر پھنس گئے اور اس کا داخلی راستہ بند ہوگیا۔ریسکیو اور لیویز اہلکاروں نے کان کنوں کی ٹیم کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن شروع کیا تاہم ریسکیو ٹیم میں شامل 5 افراد میتھین گیس کی موجودگی کے باعث بے ہوش ہو کر کان میں پھنس گئے۔
لاشوں کو طبی کارروائی کے لیے شاہرگ کے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا، محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 3 دیگر کان کنوں کی حالت تشویشناک ہے، انہیں کوئٹہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے 3 کان کنوں کا تعلق افغانستان سے تھا، 2 کا تعلق قلعہ سیف اللہ اور ایک کا ہرنائی سے تھا، عبدالغنی بلوچ نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کان کنوں کی ہلاکت پر دکھ اور اموات کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے پر جامع رپورٹ پیش کریں۔
انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ کوئلے کی کانوں میں اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔