وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان المبارک میں اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا۔
وزیراعظم نے رمضان سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سستے رمضان بازار لگائے جائیں اور قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا اشیاء کی طلب، رسد اور قیمتوں میں گڑبڑ پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی کمی نہیں تو مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟