موٹر وے ایم فائیو پر مسافر گاڑیوں میں تصادم کے باعث 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثہ ٹھل خیر محمد تھانہ رکن پور کی حدود میں پیش آیا، جہاں ٹائر پھٹنے سے مسافر وین الٹ گئی جس کے زخمی مسافروں کی جانب سے نکلنے کی کوشش جارہی تھی کہ پیچھے سے آنیوالی مسافر بس متاثرہ مسافروں پر چڑھ گئی۔موٹر وے پولیس نے بتایا کہ مسافر بسیں فیصل آباد سے سیہون شریف جا رہی تھیں۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رحیم یار خان کے علاقے رکن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔نگران وزیر اعلیٰ نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔