خواتین پاکستان کی کل آبادی کا 51 فیصد ہیں جن کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، لہذا حکومت ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کے کردار کو بڑھانے اور ان کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزارت اطلاعات و نشریات کی وفاقی سیکرٹری محترمہ شاہرہ شاہد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہر ہنر نمائش کی پری لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام 4اور 5مارچ کو پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں منعقد کی جائے گی جس میں شمالی علاقوں کی خواتین انٹرپرینیورز اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ مرد حضرات اس سلسلے میں خواتین کی ہرممکن حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے شمالی علاقہ جات کی خواتین انٹرپرینیورز کے لیے ہر ہنر نمائش کا اہتمام کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اقدام کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کی وزارت اس کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر نمائش کے لوگو کی رونمائی کی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے خواتین کو قومی دھارے میں لانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کے لیے مزید سازگار پالیسیاں بنائے اور خاص طور پر خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی پر خصوصی توجہ دے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ نمائش کا اہتمام کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو سراہتے ہوے، انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ان کو اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے، آپس میں نیٹورکنگ بڑھانے، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اس طرح کے مثبت اقدامات میں ٹریڈ ڈ یلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
ٹریڈ ڈ یلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ شمالی علاقہ جات کی خواتین انٹرپرینیورز بہت با صلاحیتہیں لیکن ان کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے بہتر مواقع فراہم نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی نمائش کا مقصد انہیں مارکیٹ تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی اس نمائش کو ہر سال منعقد کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ شمالی علاقاجات کی خواتین انٹرپرینیورز کاروباری میدان میں مزید آگے بڑھ سکیں۔
اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر رضوانہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نمائش خواتین انٹرپرنیورز کیلئے بہت سودمند ثابت ہو گی اور یقین دلایا کہ ان کا ادارہ ایسی کوششوں میں ٹی ڈی اے پی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
نمائش میں چترال، کالاش، ڈی آئی خان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد/راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کی خواتین انٹرپرینیورز اپنی مصنوعات کے سٹال لگائیں گی جن میں ملبوسات اور گھریلو ٹیکسٹائل، جواہرات و زیورات، قالین، فوڈ پراڈیکٹس، دستکاری کا سامان، فیشن مصنوعات، کاسمیٹکس، آرائشی مصنوعات اور خشک میوہ جات وغیرہ شامل ہیں۔ دو روزہ نمائش میں سیمینارز اور ورکشاپس، ثقافتی پرفارمنسز، فوڈ کورٹس، بچوں کیلئے کھیلنے کی جگہ شامل ہوں گی جبکہ نمائش کی پاکستانی سفارتی مشنز اور سوشل میڈیا کے لیے لائیو سٹریمنگ بھی کی جائے گی۔