عمران خان کو جیل میں کھانا پینا دینگے مگر وہ چیز نہیں دینگے جس کے بغیر ان کا گزارا مشکل ہے، رانا ثنا اللہ

عمران خان کو جیل میں کھانا پینا دینگے مگر وہ چیز نہیں دینگے جس کے بغیر ان کا گزارا مشکل ہے، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان جیل بھرو تحریک شروع کریں، انہیں ان ہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا۔ملتان میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا عمران خان کو جیل میں کھانے پینے کی ہر چیز دیں گے مگر وہ ایک چیز نہیں دیں گے جس کے بغیر عمران خان کا گزارا ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جیت کر ہم آئندہ حکومت بنائیں گے، ملک میں مہنگائی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ملک آج اس حالت میں کیسےپہنچا؟ 1999 میں ایٹمی قوت بننے کے بعد پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا، پاکستان معاشی طور پر مضبوط تھا، ہمارا مستقبل اس میں تھا کہ ہم ایٹمی دھماکے کریں، پاکستان ایٹمی قوت اس دن بنا جس دن ایٹمی دھماکے ہوئے، آج پاکستان موجود اور قائم ہے تو اس کی وجہ ایٹمی قوت ہے۔

ان کا کہنا تھا 1999 میں پاکستان بحران میں تھا لیکن نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا، دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نوازشریف نے کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب کا کہنا تھا لاڈلے کا 2014 سے ایک ہی کام ہے، لانگ مارچ، تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا، 126 دن بعد اے پی ایس کے واقعہ پر اسے دھرنا ختم کرنا پڑا، نواز شریف نے قوم کو متحد کرنے کے لیے اس بدبخت کو خود فون کیا، اسے دعوت دی کہ آؤ بیٹھو، قوم کو متحد کرو، نوازشریف نے قوم کو متحد کیا اور دہشتگردی ختم کی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہارا علاج میں کروں گا، 25 مئی کو تم نے اسلام آباد لاک کرنے آنا تھا، تمہارے ساتھ جو ہوا وہ تمہیں یاد ہونا چاہیے، 26 نومبر کو جو تمہارے ساتھ ہوا وہ یاد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تم جیل بھرو تحریک شروع کرو، تمہیں انہی سیلوں میں رکھیں گے جہاں تم نے اپوزیشن رہنماؤں کو رکھا تھا، عمران خان کو جیل میں سب چیزیں مہیا کریں گے سوائے ایک چیز کے جس کے بغیر ان کا گزارا نہیں ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --