صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہم قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 8 فروری کو طلب کر لیا۔رپورٹ کے مطابق ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ صدر نے آئین کے آرٹیکل 48 (1) اور 54 (1) کے تحت 8 فروری (بدھ) کو سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں کے اجلاس پہلے ہی جاری ہیں، ذرائع کے مطابق حکومت نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022 سمیت کچھ اہم بلوں کی منظوری کے لیے مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے۔
یکم جنوری کو صدر نے اس متنازع بل پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے ذریعے حکومت نے اسلام آباد کی یونین کونسلز (یو سیز) کی تعداد میں اضافہ کیا تھا۔کابینہ کی جانب سے انتخابات سے 10 روز قبل یوسیوں کی تعداد 101 سے بڑھا کر 125 کرنے کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بل کی منظوری دی گئی، اس اقدام کے سبب انتخابات ملتوی ہو گئے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے بل کو اس مشاہدے کے ساتھ واپس کر دیا تھا کہ اس سے انتخابات میں مزید تاخیر ہو گی۔ایوان صدر کی جانب سے وفاقی حکومت کے اس اقدام کو بددیانتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر ہوئی جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔دریں اثنا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج ہونے والے ’پرائیویٹ ممبرز ڈے‘ کے لیے 38 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔