بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

 وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کے سامنے جمہوری اور سیکولر ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہاں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں ،بھارت کا نام نہاد یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے۔

دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں نے ہر وہ قربانی دی جس کی مثال نہیں ملتی ، تحریک آزادی کشمیر کیلئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کر دی ہے ، بھارت اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے اپنے ہی وعدے سے مکر رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ نہیں اور نہ کبھی بن سکتا ہے، کشمیری خود کو پاکستانی سمجھتے ہیں اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہندوستان کا مکروہ اور انسانیت کا قاتل چہرہ دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوا ہے ، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبصہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اور سیکولر ملک کا دعویٰ کرنے والا ہندوستان دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا سب سے بڑا فراڈ ہے، بھارت نے کشمیری ماؤں، بہنوں ، بزرگوں اور بچوں پر انسانیت سوز ظلم کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کاکہنا تھا کہ ہندوستان خود کو جمہوری ملک کہلوانے کے لائق نہیں، سات دہائیوں سے ہندوستان نے اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے علاوہ بھارت کی کئی ریاستوں میں لوگ بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہندوستان میں اقلیتوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔

-- مزید آگے پہنچایے --