محسن رضا نقوی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات

محسن رضا نقوی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے نامزد کردہ محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات کرتے ہوئے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

اس سے قبل نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دوطرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آج ہونے والے اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں کمیشن سیکریٹریٹ میں الیکشن کمیشن کے ارکان کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا اکرام اللہ خان ، ممبر سندھ نثار درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوٸی ارر ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت سمیت 15 افسران کو شریک ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

سیکریٹری عمر حمید، اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے بریف دی، ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن منظور اختر، ڈائریکٹر جنرل ثنا اللہ، ڈی جی لا محمد ارشد کو بھی مشاورتی اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔

اجلاس سے قبل متعلقہ شعبوں کے ڈی جیز اور ایڈیشن ڈی جیز کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، اجلاس میں آئینی اور قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محسن رضا نقوی کو آئین کے آرٹیکل 224 اے تھری کے تحت نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر کیا گیا۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مکمل غور و خوض کے بعد محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کیا اور اس سلسے میں باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں گورنر پنجاب کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے عہدے کا حلف لیں۔

پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کیے تھے جبکہ حمزہ شہباز نے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی توثیق کی تھی۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے پنجاب کے مقررہ کردہ نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی ایک میڈیا ہاؤس کے مالک ہیں اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --