طیارہ گر کر تباہ، ہلاکتیں

نیپال میں پوکھرا ایئرپورٹ کے قریب ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 72 افراد سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 40 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کھٹمنڈو سے سیاحتی شہر پوکھرا جانے والی نیپال کی ییٹی ایئرلائنز کی پرواز لینڈنگ کے وقت گر کر تباہ ہو گئی جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ طیارہ آبادی والے علاقے پر نچلی پرواز کررہا تھا۔جہاز میں 68 مسافر سوار تھے جن میں کم از کم 15 غیر ملکی شہری اور عملے کے 4 ارکان شامل تھے۔

تقریباً 200 نیپالی فوجی ہوائی اڈے سے صرف ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے سیٹی کی گھاٹی میں جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔فوج کے ترجمان نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ’ہمیں مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ہے، طیارہ کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکا ہے‘۔

نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے اپنی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور ریاستی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہوجائیں۔اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار مسافروں میں سے 53 نیپالی تھے، 5 بھارتی، 4 روسی اور 2 کوریائی مسافر سوار تھے جبکہ آئرلینڈ، آسٹریلیا، ارجنٹینا اور فرانس سے بھی ایک ایک مسافر سوار تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --