ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون کے لئے ساتویں عالمی میڈیا سمٹ چین میں منعقد ہوگی

8

ساتویں عالمی میڈیا سمٹ 5 سے 9 نومبر تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقد ہوگی۔ سمٹ کی مشترکہ میزبانی شِنہوا نیوز ایجنسی اور بیجنگ بلدیہ کی عوامی حکومت کر رہی ہیں۔

سمٹ کے سیکرٹریٹ کے مطابق ’’ذہین دور میں میڈیا: اتفاق رائے سے عملی اقدامات تک‘‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والی اس اجلاس میں دنیا کے 112 ممالک اور خطوں سے مرکزی دھارے کے تقریباً 330 ذرائع ابلاغ کے اداروں، تھنک ٹینکس، سرکاری محکموں اور بین الاقوامی تنظیموں کے تقریباً 500 مندوبین شرکت کریں گے۔

مندوبین مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے، جن میں ’’سب کے لئے مصنوعی ذہانت اور عالمی میڈیا میں تبدیلی‘‘،’’محفوظ دنیا کے لئے میڈیا کے درمیان مکالمہ اور تعاون‘‘، ’’تہذیبوں کے درمیان تبادلوں کے فروغ کے لئے مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ ابلاغ‘‘، ’’مصنوعی ذہانت اور عالمی ابلاغی نظام کے مستقبل کی حکمرانی‘‘ اور ’’بیجنگ کا طریقہ کار: چینی طرز کی جدیدیت کو سمجھنا‘‘ شامل ہیں۔ مندوبین سمٹ کے موقع پر بیجنگ کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔

عالمی میڈیا سمٹ کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور یہ اعلیٰ سطح پر میڈیا کے تبادلے اور تعاون کا ایک اہم عالمی پلیٹ فارم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں