عبدالقادر کی شاندار 146 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ انڈر 19 کو 122 رنز سے شکست دے دی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان انڈر 19 نے چار میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 308 رنز بنائے۔
عبدالقادر نے صرف 100 گیندوں پر 146 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 12 چھکے شامل تھے۔
انہوں نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے سنچری شراکت بھی قائم کی۔
وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے 55 رنز کی تیز اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ 300 رنز سے آگے پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی ٹیم 37.1 اوورز میں 186 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے رابی بومن نے 67 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ اور محمد سیام نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد حسین اور نقاب شفیق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ انڈر 19 کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے 14 ستمبر کو ورمزلی میں کھیلا جائے گا۔

