ریلوے سروسز کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، حنیف عباسی

6

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے سروسز کو مزید مؤثر، شفاف اور مسافروں کے لیے بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ملاقات کے دوران حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں مالیاتی پائیداری، گورننس، آپریشنل کارکردگی، ترقی اور آمدن بڑھانے کے لیے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

ملاقات میں مین لائن ون (ایم ایل-1) کی اپ گریڈیشن اور اس کے لیے مالی معاونت سمیت پاکستان ریلوے کی مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ایم ایل-1 حکومت کا قومی ترجیحی منصوبہ ہے اور حکومت رواں مالی سال کے دوران کراچی، روہڑی سیکشن کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی، روہڑی ایم ایل-1 اپ گریڈیشن منصوبے کی تخمینہ لاگت تقریباً 2.5 ارب ڈالر ہے اور اسے تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے کی ترقی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے منصوبے کے لیے مرکزی سرمایہ کاری قرض کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی درخواست کی۔

اے ڈی بی کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات اور وفاقی وزیر حنیف عباسی کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان ریلوے کی بہتری، جدت اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں