پاکستان اور امریکا نے فل برائٹ-ایچ ای سی پارٹنرشپ پروگرام کی تجدید کر دی ہے، جس کے تحت پانچ سال کے عرصے میں 66 پی ایچ ڈی اسکالرز کی معاونت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے معاہدے پر پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور پاکستان میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے درمیان دستخط کیے گئے۔
معاہدہ مالی سال 2026-27 سے 2031-32 تک محیط ہوگا۔ اس میں فل برائٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز، پوسٹ ڈاکٹریٹ اسکالرز کے لیے وزٹنگ اسکالر پروگرام، فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ایچ ہمفری فیلوشپ پروگرام شامل ہیں۔
معاہدے میں دونوں ممالک کی جانب سے تعلیمی معیار، انسانی وسائل کی ترقی، تحقیق اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ شراکت داری پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے، ادارہ جاتی روابط مضبوط کرنے اور پاکستانی طلبہ، اسکالرز، فیکلٹی اور پیشہ ور افراد کے لیے مواقع میں توسیع میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

