پاکستان اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل گورننس نظام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے: احد چیمہ

2

 وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ڈیجیٹل گورننس نظام کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے، جس کا مقصد حکومتی امور میں شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم آفس سسٹم (PMOS) کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس کے دوران احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم آفس سسٹم قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کرے گا اور مختلف وزارتوں کے درمیان رابطوں اور ڈیجیٹل انضمام کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے وزیراعظم آفس سسٹم کی تیاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نظام سرکاری شعبے کی گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کو ہدایت کی کہ نظام کو مزید مؤثر، صارف دوست اور عملی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ اس کے وسیع پیمانے پر نفاذ سے قبل اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

احد چیمہ نے کہا کہ آسان خدمت مراکز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بھی ایک مربوط حکومتی ڈیجیٹل نظام کے تحت مزید مؤثر اور جامع بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور حکومتی نظام کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں