وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جمعہ کے روز جنیوا میں امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے اور دونوں ممالک نے لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کی رات کے بعد اب امن کی صبح طلوع ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایران کی اعلی قیادت کو مشکل دور میں دانشمندی، بصیرت اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر سراہا جس کی بدولت یہ مثبت پیشرفت ممکن ہوئی۔انہوں نے امن کے فروغ کی کوششوں میں قطر، سعودی عرب، ترکیہ، چین اور دیگر برادر ممالک کے تعمیری کردار کو بھی سراہا ۔شہباز شریف نے اس اہم کامیابی کے حصول میں غیر معمولی کردار اور انتھک کوششوں پر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔









