گلگت(سی این پی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت دلوانا چاہتے ہیں، تین نسلوں سے پیپلز پارٹی جدوجہد کر رہی ہے، گلگت بلتستان وسائل سے مالامال ہے، 7 جون کے بعد نوجوانوں کو نوکریاں دینگے۔
گلگت میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گزشتہ الیکشن کے دوران گلگت آیا تھا، گلگت کی ہر تحصیل میں پیپلز پارٹی کا منشور پیش کیا تھا، گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیں سب سے زیادہ ووٹ دیئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فارم 45 کے تحت ہمیں سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے، گزشتہ الیکشن میں ہمارے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا تھا، اس دفعہ خاتون اول آصفہ بھٹو کے ساتھ آیا ہوں، اس دفعہ آپ نے فارم 45 کا بندوبست کرنا ہے، ہم کسی کو ناانصافی کی اجازت نہیں دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پوری امت مسلمہ ایک امتحان سے گزر رہی ہے، ایران، لبنان، غزہ میں صورتحال سب کے سامنے ہے، گلگت کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے موجودہ حالات میں کونسی پارٹی مسائل حل کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ دیا، شہید بھٹو نے کہا تھا گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم بنائیں گے، شہید محترمہ نے میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دیا تھا، ایٹم بم کے استعمال کے لیے میزائل ٹیکنالوجی کی ضرورت ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن معاہدے کی بنیاد صدر زرداری نے رکھی، صدر زرداری نے اقتدار میں آکر تمام بیسز بھی بند کرائے تھے، اس تاریخی فیصلے کی وجہ سے آج پاکستان محفوظ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی امن کوششوں کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، جنگ کی وجہ سے پوری دنیا پر معاشی بوجھ بڑھا ہے، امن کی کوششیں کامیاب ہونے سے عوام پر بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کر کے پہلا قدم اٹھایا تھا، شہید محترمہ نے 1994 میں گلگت بلتستان کے عوام کو سیاسی حقوق دلوائے، دیگر سیاسی جماعتیں آج شہید محترمہ کی وجہ سے اپنے پرچم لہرا کر ووٹ مانگ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی، صدر زرداری نے خیبرپختونخوا کا بھی نام رکھا، شہید بھٹو کا نواسا اور نواسی گلگت بلتستان کو آئین دلوائیں گے، اٹھارہویں ترمیم کے تحت مل کر گلگت بلتستان کو حقوق دلوائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم پانچوں صوبوں کی زنجیر بےنظیر کا نعرہ لگائیں گے، دوسری جماعتوں کے دور میں امیر لوگ ترقی کرتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں ان کے امیر دوستوں کی ترقی معاشی ترقی ہوتی ہے، پیپلزپارٹی عام آدمی کو ترقی دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بےنظیر اگر نوکریاں دیتی تھی تو یہ ان کے خلاف کیسز بنا دیتے تھے، شہید بی بی نے کہا تھا اگر روزگار دینا جرم ہے تو یہ جرم بار بار کروں گی، 7 جون کے بعد نوجوانوں کو میرٹ پرنوکریاں دیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اتنے وسائل ہیں یہ علاقہ کوہ نور ثابت ہوسکتا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تھرپارکر کی طرح بجلی پیدا کریں گے، گلگت بلتستان میں 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔









