وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں 50 سے زائد گوردوارے بحال کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں 50 سے زائد گوردوارے بحال کرنے کا اعلان

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ویساکھی میلے میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا ہے اور اس پرمسرت موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ویساکھی کا تہوار خوشیوں کے حسین رنگوں کا عکاس ہے جو حقیقی معنوں میں پنجاب کی روح اور خوبصورتی کی ترجمانی کرتا ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کیلئے یہ باعثِ اعزاز ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر اپنے سکھ بھائیوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔

ادھر دوہزار دوسو بھارتی سکھ یاتری لاہور سے ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان پہنچے۔

انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے تحت خصوصی بسوں میں لایا گیا۔

دوسری جانب پنجاب کے اقلیتی امور کے وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے پورے پنجاب میں پچاس سے زائد گوردواروں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ اعلان نو روزہ میلے کے دوسرے روز ننکانہ صاحب میں گردوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی اور تزئین وآرائش کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ویساکھی میلے میں شرکت کرنے والے ہزاروں مقامی اور بین الاقوامی یاتریوں کے لیے کھانے، قیام، سیکورٹی اور علاج معالجے کے جامع انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔

یاتریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کا گہوارہ قرار دیا اور دورے میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --