کثیرالجہتی نظام اختلافات کے حل کا سب سے مؤثر اور جائز طریقہ ہے: عاصم افتخار

کثیرالجہتی نظام اختلافات کے حل کا سب سے مؤثر اور جائز طریقہ ہے: عاصم افتخار

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اختلافات کے حل کے لیے کثیرالجہتی نظام سب سے زیادہ مؤثر اور جائز راستہ ہے، اور نوجوان قیادت کو اس کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کو تقسیم یا بے لگام طاقت کے استعمال کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔

عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ کثیرالجہتی نظام سہولت کا معاملہ نہیں بلکہ ایک ناگزیر ضرورت ہے، کیونکہ آج کے باہم جڑے ہوئے مسائل جیسے تنازعات، موسمیاتی تبدیلی، وبائیں اور معاشی عدم استحکام ایسے حل چاہتے ہیں جو مشترکہ، جامع اور قواعد پر مبنی ہوں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خامیوں کے باوجود کثیرالجہتی نظام اختلافات کو پرامن طریقے سے سنبھالنے، مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے کا سب سے معتبر فریم ورک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی بڑی اور متحرک نوجوان آبادی کو تخلیقی صلاحیت، مضبوطی اور امید کا ذریعہ سمجھتا ہے، اور نوجوانوں کی بامعنی شمولیت کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے، پرامن معاشروں کی تشکیل ہو، جامع ترقی کو فروغ ملے اور بین الاقوامی تعاون کو مستحکم کیا جا سکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --