پی ایس ایل 11، کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

پی ایس ایل 11، کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

لاہور(سی این پی)  پی ایس ایل 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد وسیم 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، سعد بیگ نے 19، معین علی نے 18 اور خوشدل شاہ نے 13 رنز کی اننگ کھیلی، کپتان ڈیوڈ وارنر 8 رنز بنا سکے۔

کنگز کے سلمان علی آغا بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ اعظم خان نے 14 اور عباس آفریدی نے 10 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکے، قلندرز کے حارث رؤف مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 45 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی جبکہ مستفیض الرحمان نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے بڑے مقابلے میں قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بناسکی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسیب اللہ 28، سکندر رضا 19، محمد نعیم 13، پرویز حسین ایمن 12، کپتان شاہین آفریدی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔قلندرز کے حارث رؤف 4، فخر زمان اور اسامہ میر ایک، ایک رن ہی بنا سکے جبکہ مستفیض الرحمان ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے معین علی، میر حمزہ اور ایڈم زمپا نے دو، دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عباس آفریدی ، حسن علی اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --