ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے فارسی نئے سال (نوروز) اور عید کے موقع پر اپنے تحریری پیغام میں قوم اور تمام مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کا آغاز دعا کے ساتھ کیا اور لکھا کہ اے دلوں اور نگاہوں کو پھیرنے والے، اے راتوں اور دنوں کے منتظم، اے حالات و کیفیات کو بدلنے والے، ہمارے حالات کو بہترین حالات میں تبدیل فرما دے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے لکھا کہ اس سال روحانیت کی بہار اور فطرت کی بہار، یعنی عیدالفطر اور صدیوں پر محیط تہوار نوروز ایک ساتھ آئے ہیں۔ اس موقع پر میں قوم کے ہر فرد کو ان دونوں مذہبی و قومی تہواروں کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں عید الفطر کے موقع پر دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے اپنے طویل پیغام میں ایرانی عوام کی استقامت کو سراہتے ہوئے نئے سال کو قومی اتحاد اور قومی سلامتی کے تحت مزاحمتی معیشت کا سال قرار دیا اور کہا کہ شہدا کے معزز خاندانوں اور تمام لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔