حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں بچت کے اقدامات اختیار کریں تاکہ آنے والے دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں ممکنہ تعطل سے بچا جا سکے۔
یہ اپیل وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کی گئی، جس میں خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ضروری ہے اور بدلتے حالات کے مطابق حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ شرکاء نے ایندھن کی بچت کے لیے کار پولنگ کو فروغ دینے، مشترکہ سفری سہولیات اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے صورتحال بہتر ہونے تک ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کی پالیسی کے باعث عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر مزید بچتی اقدامات کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے بھی شرکت کی۔