وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسلام آباد میں آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی توانائی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور خطے کی بدلتی صورتحال کے باوجود ملک میں تیل کی فراہمی مستحکم ہے اور ملک بھر میں وافر ذخائر موجود ہیں۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ڈیزل کے ذخائر تقریباً 24 دن کے لیے کافی ہیں جبکہ پٹرول کے ذخائر بھی تسلی بخش سطح پر ہیں، جنہیں درآمدات اور ریفائنری آپریشنز سے مسلسل تقویت مل رہی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ خام تیل کا ایک جہاز پہنچ چکا ہے اور اس سے تیل اتارا جا رہا ہے، جبکہ ایک اور جہاز آئندہ چند گھنٹوں میں کراچی بندرگاہ پہنچنے والا ہے۔ مزید کھیپیں راستے میں ہیں اور مارچ و اپریل کے لیے اضافی درآمدی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ قومی ذخائر کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

عید کی تعطیلات اور جاری فصل کی کٹائی کے پیش نظر کمیٹی نے تیل کی فراہمی کے تسلسل کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں طلب کو پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں گی۔یہ بھی واضح کیا گیا کہ ڈپو معمول کے مطابق فعال رہیں گے اور اس دوران ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا امکان نہیں ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے، قومی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بیرونی چیلنجز کے باوجود پٹرولیم سپلائی چین کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --