وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سلطانِ عمان ہیثم بن طارق کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج دوپہر سلطان ہیثم بن طارق کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عید کے پُرمسرت موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے عوام اور پوری امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمیوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک عمان کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔انہوں نے امن، استحکام اور تعمیری مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے سلطان عمان کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سلطان ہیثم بن طارق کی جانب سے عمان کے دورے کی دعوت کو بھی مثبت انداز میں قبول کرتے ہوئے باہمی سہولت کے مطابق تاریخ طے کرنے پر اتفاق کیا۔