وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح ا فواج نے 16 مارچ کی رات کو آپریشن غضب لِلحق کے تحت کابل اور ننگرہار میں افغان طالبان حکومت کے دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے فوجی ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا۔ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کابل میں دو مقامات پر تکنیکی معاونت کے انفراسٹرکچر اور گولہ بارود کے ذخیرے مؤثر طور پرتباہ کر دئیے گئے ہیں۔ننگرہار میں پاک فوج نے افغان طالبان حکومت کے دہشت گردی کی معاونت کرنے والے چار فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جن میں متعلقہ لاجسٹک، گولہ بارود اور تکنیکی انفراسٹرکچر تباہ کر دیے گئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور طالبان حکومت کے کیلئے پروپیگنڈا کرنے والوں کے جھوٹے دعوے افغان عوام اور دنیا کو ان کے علاقے میں دہشت گردی کی حمایت اور سرپرستی کے سنگین جرائم کے متعلق بیوقوف بنانے میں ناکام ہوں گے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے اور مطلوبہ اہداف کے حصول تک غضب لِلحق کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔