سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں لائیو اسٹاک بیسڈ اکنامک ایمپاورمنٹ پراجیکٹ کا آخری مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔
اس منصوبے کا مقصد کمزور اور مستحق طبقات کی معاشی حالت بہتر بنانا اور ان کی روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا تھا تاکہ وہ معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔
منصوبے کے اس مرحلے کے تحت چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے اضلاع میں مستحق خاندانوں میں 500 مویشی تقسیم کیے گئے، جبکہ ہر مستفید خاندان کو مویشیوں کے چارے کے طور پر دو دو بیگ سائیلیج بھی فراہم کیے گئے۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹس کے تعاون سے لائیو اسٹاک مینجمنٹ، جانوروں کی صحت اور بہتر افزائش نسل کے موضوعات پر 40 تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد مستفید خاندانوں کی فنی صلاحیتوں میں اضافہ اور مویشی پالنے کے پائیدار مواقع کو فروغ دینا تھا۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت کمزور طبقات کو بااختیار بنانے، خود انحصاری کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے لیے روزگار پر مبنی اقدامات کی حمایت کی جاتی ہے۔