پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک نے اسرائیل کی جانب سے خصوصاً رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کیلئے مسجداقصیٰ کی مسلسل بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اس غیر قانونی اور بلاجواز اقدام کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے علاوہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی مسلسل اشتعال انگیز کارروائیوں کی بھی مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس کے قدیم شہر اور اس کی عبادت گاہوں تک رسائی پر عائد پابندیاں بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو مقبوضہ بیت المقدس یا اس کے اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر کسی قسم کی خودمختاری حاصل نہیں ہے۔وزرا ء نے مزید کہا کہ اردن کی وزارتِ اوقاف و امور اسلامی سے منسلک یروشلم کے اوقاف اور مسجد اقصیٰ کے امور کاادارہ مسجد اقصیٰ کاانتظام اور داخلے کے ضوابط مقرر کرنے کا مکمل اختیار رکھتاہے۔