وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے چائنا انرجی انجینئرنگ کارپوریشن کے نو قائم شدہ صدر دفتر کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر وانگ ہوئی نے کیا۔ یہ دورہ چینی بہار میلہ اور لالٹین میلہ کی تقریبات کے موقع پر کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے سی ای ای سی پاکستان کے علاقائی دفتر کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کمپنی سکھی پن بجلی منصوبہ مکمل کر چکی ہے، جبکہ آزاد پتن پن بجلی منصوبے سمیت متعدد توانائی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ سی ای ای سی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بجلی کے منصوبوں کا بڑا حصہ مکمل کیا ہے۔

بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ سی ای ای سی کا پاکستان میں قائم صدر دفتر کمپنی کی اپنی سرمایہ کاری سے تعمیر کیا گیا ہے، جو پاکستان کے مستقبل پر کمپنی کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان میں کمپنی کی مسلسل سرمایہ کاری اور تزویراتی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ای ای سی کی موجودگی پاک چین دوستی کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے چینی تعاون کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت معاشی ترقی کے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں اور حکومت ملک کو ترقی کی نئی منازل سے ہمکنار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔