وزیراعظم شہباز شریف کا عمان ک فرمانروا سے ٹیلی فونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا عمان ک فرمانروا سے ٹیلی فونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی صورتحال میں مزید کشیدگی کو روکنے اور سفارتی کوششوں کی بحالی کے لیے ماحول تیار کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے آج سلطنتِ عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جو اسرائیل کے ایران پر حملے اور اس کے بعد ہونے والی جھڑپوں کے باعث مزید سنگین ہو گئی ہے اور پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب عمان کی معاونت سے امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کو کم کرنے کی سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں نے نہ صرف نازک سفارتی عمل کو متاثر کیا بلکہ خطے میں مکالمے اور تناؤ میں کمی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

وزیرِاعظم نے سلطنتِ عمان کے مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے مسقط کی جانب سے مکالمے کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی فریقین کے درمیان اعتماد قائم کرنے کی تعمیری کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عمان کی متوازن اور دوراندیش سفارت کاری خطے میں استحکام کا باعث رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے اور خطے میں سکون و پائیدار استحکام کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --