وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت علاقائی اور پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر جائزے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں علاقائی اور خطے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار اور مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔شرکاء کو ملک کی داخلی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایرانی صورتحال کے تناظر میں پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کی بحفاظت واپسی کیلئے دفتر خارجہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آذربائیجان کے راستے ایرانی سرزمین سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔