وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مظاہرین کے جذبات اور احساسات کو سمجھتے ہوئے اُن کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب گاہ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہر مسلمان رنجیدہ اور اشکبار ہے، تاہم اپنے ملک اور شہروں میں امن و امان کا قیام ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ احتجاج کرنے والوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی سختی یا نامناسب رویے سے گریز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ مظاہرین کے لیے افطار کا مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ ماہِ مبارک میں روزہ داروں کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ انتظامات منظم، مؤثر اور بروقت ہوں تاکہ عوام کو سہولت میسر آئے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے قانون کی پاسداری ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ حالات پر گہری نظر رکھیں، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور اشتعال انگیزی یا بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں، تاکہ صوبے بھر میں امن و سکون برقرار رہے۔