ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کا سفر سپر ایٹ مرحلے میں سری لنکا کیخلاف  جیت کے باوجود ختم

ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کا سفر سپر ایٹ مرحلے میں سری لنکا کیخلاف جیت کے باوجود ختم

 مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5  رنز سے شکست دے دی لیکن ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے ضروری تھا کہ وہ سری لنکا کی ٹیم کو 147 رنز تک محدود رکھتا جس میں قومی ٹیم کے باؤلرز ناکام رہے۔

کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت  دی۔سری لنکا کے خلاف اہم میچ کیلئے بابراعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیا گیا۔ ان کی جگہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد شامل تھے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 207 رنز بناسکی۔پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا تھا۔تاہم پاکستانی بولرز سری لنکا کو 147 رنز پر نہ روک سکے اور گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان کے کوالیفائی نہ کرنے کی صورت میں گروپ 2 سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔انگلینڈ پہلے ہی فائنل 4میں جگہ بناچکا ہے۔پاکستان نے سری لنکا کے خلاف صاحبزادہ فرحان اور فخرزمان کی دھواں دار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 100 اور فخرزمان نے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔دونوں کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری بنی۔ اس کے علاوہ  کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔خواجہ نافع 2، شاداب خان 7، محمد نواز اور سلمان آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

یہ صاحبزادہ فرحان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی دوسری سنچری ہے، جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔سری لنکا کی ٹیم نے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹ پر 207 رنز اسکور کیے۔کپتان شناکا نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ پوون رتنائیکے نے 58 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3  وکٹیں حاصل کیں، نواز، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --